حیدرآبادمیں طوفانی بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سیاسی قیادت متحرک ہو گئی ہے۔ گورنر سندھ، ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور نمائندوں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔۔۔
حیدرآباد میں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور نکاسی آب، نالوں کی صفائی و دیگر امور پر بریفنگ لی۔ گورنر نے ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں کو بھی فوری ریلیف فراہم کرنے اور عوام کے درمیان رہنے کی ہدایت کی۔دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اندرون سندھ تنظیمی دفاتر میں ہنگامی ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ترجمان کے مطابق حق پرست نمائندے نکاسی آب، بجلی و دیگر بلدیاتی مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ادھر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے بارش کے بعد شہر کی صورتحال کو پیپلزپارٹی حکومت کی نااہلی اور کرپشن قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بارش میں حیدرآباد ڈوب جاتا ہے اور حکومت صرف تماشائی بنی رہتی ہے۔ انہوں نے واسا کو مکمل ناکام اور میئر کو صرف فوٹو سیشن کا ماہر قرار دیا۔۔۔