وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی وزرا کو فیلڈ میں جانے کی ہدایت، 12 اضلاع میں ڈیوٹیاں تفویض
لاہور: سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی کابینہ کے 12 وزرا کو مختلف اضلاع میں فیلڈ ڈیوٹیاں انجام دینے کی ہدایت جاری کر دی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تمام وزرا مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔
وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کو لاہور اور شیخوپورہ کے دورے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ بلال یاسین ننکانہ صاحب اور قصور کا دورہ کریں گے۔ خواجہ عمران نذیر فیصل آباد ڈویژن کی نگرانی کریں گے، اور شافع حسین کو گجرات بھیجا جائے گا۔
کاظم علی پیرزادہ بہاولپور میں صورتحال کا جائزہ لیں گے، شیر علی گورچانی ڈیرہ غازی خان کا دورہ کریں گے، اور عاشق کرمانی ساہیوال ڈویژن پہنچیں گے۔ ذیشان رفیق اور رمیش سنگھ گوجرانوالہ ڈویژن کی انتظامیہ کے ساتھ کام کریں گے۔
صہیب ملک سرگودھا، رانا سکندر ملتان اور بلال اکبر منڈی بہاؤالدین میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے تمام وزرا کو فوری طور پر فیلڈ میں پہنچ کر عوامی مسائل کے حل اور ریلیف اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔