بنوں — خیبر پختونخوا کے حساس علاقے بنوں میں دہشتگردی کی ایک بڑی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی خوارج تنظیم "فتنہ الخوارج" نے کیا، جس میں بارودی مواد سے بھری گاڑی کو فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز کی دیوار سے ٹکرا دیا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار کا کچھ حصہ گر گیا اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ واقعے میں تین بے گناہ شہری زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 جوان شہید ہو گئے، جنہوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ مزید خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرست دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہیں اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتیں۔