کوئٹہ: شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان کی پریس کانفرنس، اہم انکشافات
کوئٹہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے ایس ایس پی آپریشن محمد بلوچ اور ڈی آئی جی کرائم برانچ ڈاکٹر فرحان زاہد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سریاب روڈ پر شاہوانی اسٹیڈیم کے باہر ہونے والے دلخراش خودکش حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
حمزہ شفقات نے بتایا کہ دھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ جلسے کے اختتام کے بعد پیش آیا، جس کا وقت 3 بجے مقرر تھا لیکن جلسہ رات 9 بجے ختم ہوا۔ حملہ جلسہ گاہ سے 500 میٹر کے فاصلے پر ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، جس کی عمر 30 سال سے کم تھی اور اس نے 8 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا۔ بی این پی کے جلسے پر 120 پولیس اہلکار تعینات تھے، تاہم حملہ آور سخت سیکیورٹی کے باعث جلسہ گاہ کے اندر داخل نہ ہو سکا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے شہداء کے لیے 15 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ حمزہ شفقات نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی تھریٹ الرٹ جاری ہے اور فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس میں حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں کو بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔