پنجاب میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے جدید نظام فعال، مریم اورنگزیب
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبے میں اسموگ کی پیشگی اطلاع، تجزیے اور موسمیاتی نگرانی کے لیے جدید نظام فعال کر دیا گیا ہے، جس کی مدد سے سردی اور اسموگ کے سیزن میں بروقت معلومات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ فضائی آلودگی کے معیار کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے شمالی بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے کو آلودگی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہواؤں کے رخ کی تبدیلی کے باعث آلودگی اگلے ماہ پاکستان میں داخل ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزارتیں اور محکمے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کے باعث آلودگی میں کمی آ رہی ہے، جبکہ فصلوں کی باقیات، پلاسٹک اور کوڑا جلانے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ کھلے مقامات پر کوڑا جلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو پورے صوبے میں متحرک کر دیا گیا ہے اور پولیس سمیت دیگر اداروں کو اینٹی اسموگ آپریشن میں معاونت کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ وزیر نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ہوا کے معیار جانچنے والے 43 آلات نصب کیے جا چکے ہیں اور اسٹیشنز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔