وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور مستعفی، استعفیٰ گورنر کو ارسال
پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر خیبر پختونخوا کو ارسال کر دیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کے احکامات پر مستعفی ہو رہے ہیں۔
اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے کابینہ ممبران، اپوزیشن، بیوروکریسی اور پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو صوبے کو معاشی بحران اور امن و امان جیسے سنگین مسائل کا سامنا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک سال کے دوران دہشتگردی جیسے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور صوبے کو وار زون سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
انہوں نے کہا، "یہ دعویٰ تو نہیں کر سکتا کہ میں ہر میدان میں کامیاب رہا، لیکن خلوص نیت سے خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کی۔" علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے۔