وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر کو موصول، قانونی جانچ جاری
پشاور
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر ہاؤس کو موصول ہو چکا ہے۔ استعفیٰ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کے ذریعے گورنر ہاؤس پہنچایا گیا، جہاں اسے کیئرٹیکر کے حوالے کیا گیا اور باقاعدہ رسید بھی جاری کی گئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ استعفیٰ ہاتھ سے لکھا گیا ہے اور اس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ استعفے کی آئینی اور قانونی جانچ پڑتال کے بعد ہی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "میری قانونی ٹیم استعفے کا جائزہ لے رہی ہے، کیڑے نکالنے سے بہتر ہے انتظار کر لیں"۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر استعفے میں کوئی تکنیکی یا آئینی خامی ہوئی تو اسے واپس بھیجا جا سکتا ہے۔ انہوں نے استعفے کی اسکروٹنی آئین کے مطابق کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پیر کو دفتر جا کر اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔