لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز کے قیام کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فالج کی علامات سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلانے کا اعلان کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹی پی اے انجکشن خریدنے کی منظوری دی جبکہ جدید ٹی این کے انجکشن فراہم کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں اسٹروک مینجمنٹ پروگرام کی عارضی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں وسط فروری تک انجکشن اور ٹریٹمنٹ ٹریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا۔
فزیشنز کو ٹی پی اے اور ٹی این کے انجکشن لگانے کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر ضلع میں اسٹروک سینٹر قائم کیا جا رہا ہے اور اس کا دائرہ کار تحصیلوں تک بڑھایا جائے گا تاکہ کسی مریض کو ایمرجنسی کی صورت میں دور دراز شہر نہ جانا پڑے۔
عوام کو فالج کی علامات اور چار گھنٹے کے "گولڈن آور" کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ فالج کے مریض کو چار گھنٹے میں قریبی اسٹروک سینٹر پہنچانے سے معذوری سے بچایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر مریض کو ایمرجنسی علاج کی سہولت قریب ترین اسپتال میں میسر ہونا ان کا ویژن ہے۔
پنجاب کے ہر اسپتال میں سی ٹی اسکین مشین ہر وقت تیار رہنی چاہیے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ہر ڈسٹرکٹ میں ماہر نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ تعینات کیے جائیں گے۔
پنجاب میں مرحلہ وار اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم ہوں گے: پہلے 30، پھر 15 اور آخر میں باقی 24 ضلعی اسپتالوں میں۔