تعلیم عاشق جونیجو کی 27ویں برسی

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

 تعلیم عاشق جونیجو کی 27ویں برسی



حیدرآباد 

سندھی شاگرد تحریک کے رہنما، شہیدِ تعلیم عاشق جونیجو کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے سندھی شاگرد تحریک ضلع حیدرآباد کی جانب سے ڈی ٹین پلیجو ہاؤس میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام سے عوامی تحریک کے مرکزی رہنما عبدالقادر رانٹو، نور نبی پلیجو، میر پرویز داؤدپوٹو، عوامی تحریک ضلع حیدرآباد کے صدر سرمد راجپر، سندھی شاگرد تحریک ضلع حیدرآباد کے آرگنائزر علی احمد ٹالپر، عوامی تحریک ضلع حیدرآباد کے رہنما جام تماچی، سجاڳ بار تحریک کے مرکزی سیکریٹری شعیب بھٹو، ایس ایس ٹی کے مرکزی رہنما علی رضا جلبانی، رمیش رباری اور دیگر نے خطاب کیا۔

رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید عاشق جونیجو نے غنڈہ گردی اور اسلحہ کلچر کو ہمیشہ مسترد کرتے ہوئے قلم اور کتاب کی وطن دوست طلبہ سیاست کو فروغ دیا اور ہر تعلیم دشمن عنصر کے خلاف سیاسی جدوجہد کرتے ہوئے شہادت حاصل کی۔ سندھی شاگرد تحریک اپنے شہید رہنما کو سرخ سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج سے تین دہائیاں قبل جب سندھ کی جامعات اور کالجوں میں غنڈہ گردی، بھتہ خوری اور تعلیم دشمن نظام اپنے عروج پر تھا، اس وقت بھی سندھی شاگرد تحریک اس نظام کے خلاف میدانِ عمل میں موجود تھی، اور آج بھی شہید عاشق جونیجو کے نقشِ قدم پر ثابت قدم ہے۔


رہنماؤں نے کہا کہ آج بھی سندھ کی تعلیم کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف تعلیمی اداروں میں دوبارہ اسلحہ کلچر متعارف کرایا جا رہا ہے اور دوسری طرف فیسوں میں اضافے اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کے ذریعے غریب طبقے کے طلبہ پر تعلیم کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں۔ سندھی شاگرد تحریک ایسے عوام دشمن، تعلیم دشمن اور سندھ دشمن منصوبوں کو مسترد کرتی ہے اور شہیدِ تعلیم عاشق جونیجو کی برسی کے موقع پر سندھ کی تعلیم بچانے کے اپنے انقلابی عہد کی تجدید کرتی ہے اور تعلیم کی بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتی ہے۔