پاکستان کے مختلف ٹی وی چینلز اور سرکاری و نجی ویب سائٹس پر سائبر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم ہیکرز کی جانب سے متعدد ٹی وی چینلز کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ ملک کی مختلف ویب سائٹس کو نشانہ بنا کر کچھ کو عارضی طور پر ہیک بھی کر لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ان سائبر حملوں کے باعث بعض ٹی وی چینلز کی سیٹلائٹ فریکوئنسی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں سیٹلائٹ کے ذریعے نشریات میں تعطل دیکھا گیا۔ ناظرین کو کچھ وقت کے لیے نشریات میں خلل اور بلیک اسکرین جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سائبر حملے دشمن ملک کی جانب سے کیے جانے کا شبہ ہے، تاہم حتمی تحقیقات جاری ہیں۔ متعلقہ اداروں نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے اور سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سائبر حملوں کے اثرات کو محدود کر دیا گیا ہے اور متاثرہ نظاموں کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ مستقبل میں ایسے حملوں سے نمٹنے کے لیے اضافی حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔