وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے تیسرے عشرے، طاق راتوں، شبِ قدر اور یومِ شہادت حضرت علی کے موقع پر صوبہ بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے۔کراچی سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں میں حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔یومِ شہادت حضرت علی کے جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔طاق راتوں اور شبِ قدر کے اجتماعات کے پیش نظر مساجد اور عبادت گاہوں کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر واک تھرو گیٹس، اسنیفر ڈاگز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔حساس علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ گشت میں اضافہ کیا جائے گا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مرکزی کنٹرول رومز سے سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ شرپسند عناصر اور امن خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام، منتظمین مجالس اور جلوسوں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔حکومت سندھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔