کراچی ہل پارک سے متصل متنازع پلاٹ پر تعمیرات کا معاملہ؛ میئر کراچی پھٹ پڑے، تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس سے پلاٹ نمبر 39-G-4 کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ میئر کراچی کا کہنا ہے کہ 1959 کے اصل منظور شدہ پی ای سی ایچ ایس ماسٹر پلان میں یہ پلاٹ سرے سے موجود ہی نہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ابتدائی جانچ کے مطابق مذکورہ مقام پر صرف 200 گز بقایا اراضی بنتی ہے، لہٰذا متعلقہ حکام وضاحت دیں کہ کس قانونی بنیاد پر اسے 500 گز کا پلاٹ ظاہر کیا گیا؟ مرتضیٰ وہاب نے متنازع پلاٹ کے الاٹمنٹ آرڈرز، لیز، اور اوپن اسپیس یا سرکاری زمین پر تجاوزات سے متعلق تمام دستاویزی شواہد فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کے ایم سی عوامی اثاثوں کے تحفظ کے لیے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔