کراچی اورنگی ٹاؤن میں مالک مکان میاں بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے والے دو ملزم پکڑے گئے۔
پولیس کےمطابق رات گئے مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ملزم عادی جرائم پیشہ ہیں۔ان کے خلاف پہلے بھی ڈکیتی، اسلحہ اور موٹرسائیکل چوری کے مقدمات درج ہیں۔ملزموں کے زیراستعمال موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی اسلحہ کے زور پر چھینی گئی ہیں۔دو روز قبل اورنگی ٹاؤن ولایت علی کالونی میں ملزموں نے میاں بیوی کو تیز دھار آلے اور پتھر کے وار سے شدید زخمی کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہےزخمی خاتون نے کچھ عرصہ قبل اپنا مکان ایک ملزم کو کرائے پر دیا تھا۔ مالک مکان ا ور کرائے دار میں یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی پر تنازع چل رہا تھا۔خاتون نے مکان خالی کرانے اور بقایا جات کی وصولی تک کرائے دار کا سامان گھر میں تالا لگا کر روک رکھا تھا۔ اسی رنجش پر ملزم نے اپنے بہنوئی کے ساتھ مل کر میاں بیوی پر حملہ کیا۔ پولیس نے ملزموں کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے تشدد میں استعمال ہونے والا پتھر بھی برآمد کرلیا۔