ڈیجیٹل سیٹیزن جرنلزم کی آن لائن ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

ڈیجیٹل سیٹیزن جرنلزم کی آن لائن ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز

چہرہ ڈیجیٹل کی ڈیجیٹل سیٹیزن جرنلزم ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز، شرکاء کو موبائل رپورٹنگ، ویڈیو اور سوشل میڈیا کی عملی تربیت

چہرہ ڈیجیٹل کے زیرِ اہتمام ڈیجیٹل  سیٹیزن  جرنلزم کی آن لائن ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز گزشتہ روز ہوا، جس میں شرکاء کو جدید صحافت، موبائل رپورٹنگ، اسٹوری ٹیلنگ، ویڈیو پروڈکشن اور سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔

ٹریننگ سیشن میں ہم نیوز کے سینئر پروڈیوسر عمران منگی نے شرکاء کو ڈیجیٹل سٹیزن جرنلزم کے بنیادی اصولوں، خبر کی درستگی اور تصدیق، 5W+1H، اسکرپٹ رائٹنگ، اسٹوری ٹیلنگ، کیمرے کے سامنے مؤثر انداز میں گفتگو، موبائل جرنلزم، ویڈیو شوٹنگ، مختلف شاٹس، آڈیو ریکارڈنگ اور انٹرویو کی تکنیکوں سے آگاہ کیا۔

ٹریننگ کے دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ آج کے دور میں ایک اسمارٹ فون صرف کیمرہ نہیں بلکہ ایک مکمل موبائل نیوز روم کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ تاہم مؤثر ڈیجیٹل رپورٹنگ کے لیے معلومات کی تصدیق، درستگی، پس منظر، مختلف فریقین کا مؤقف اور صحافتی ذمہ داری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

چہرہ ڈیجیٹل کی پراجیکٹ ڈائریکٹر فوزیہ جمیل نے شرکاء کو ریلز بنانے کے طریقہ کار، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے مختصر ویڈیو تیار کرنے اور سوشل میڈیا میں تیزی سے بدلتے ہوئے رجحانات کے حوالے سے بھی خصوصی تربیت دی۔

ٹریننگ میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختلف عملی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سیشن کے اختتام پر شرکاء کو دلچسپ اور عملی نوعیت کی اسائنمنٹس بھی دی گئیں، جن کا مقصد سیکھی گئی تکنیکوں کو عملی طور پر استعمال کرنا ہے۔

چہرہ ڈیجیٹل کی یہ ٹریننگ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے، جس میں روایتی لیکچر کے ساتھ Practical Work اور Publishing کو بھی تربیت کا لازمی حصہ بنایا گیا ہے، تاکہ شرکاء صرف نظریاتی معلومات حاصل نہ کریں بلکہ حقیقی ڈیجیٹل اسٹوریز تیار کرکے انہیں پبلش کرنے کا تجربہ بھی حاصل کریں۔

ٹریننگ کا دوسرا سیشن 29 اگست 2026 کو منعقد ہوگا، جبکہ پروگرام کا آخری سیشن 5 ستمبر 2026 کو ہوگا۔