صوبائی محتسب سندھ کے تحت ایمبیسڈر پروگرام میں ضیاء الدین یونیورسٹی کے دس منتخب طلباء کی جانب سے ایمبیسڈر پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر تقریب تقسیم تعریفی اسناد منعقد کی گئی۔ جس میں صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں طلباء نے بطور ایمبیسڈر صوبائی محتسب سندھ اپنے تجربے سے تمام شرکاء کو آگاہ کیا اور صوبائی محتسب سندھ دفتر سے متعلق مختلف سروے اور پریزنٹیشن پیش کیے۔ اس موقع پر صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے طلباء ایمبیسڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے طریقۂ اندراج میں مزید بہتری کے لیے کام جاری ہے، کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم گیم چینجر کی حیثیت اختیار کرچکا ہے جس سے رجسٹرڈ عوامی شکایات کو درجہ بدرجہ اور بروقت مانیٹر کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ عام تاثر ہے کہ ہم کچھ طاقتور محکموں کے خلاف کاروائی نہیں کرسکتے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، عوام کے اعتماد اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں جبکہ عوامی آگاہی کے لیے تمام اضلاع میں ماہوار کھلی کچھہریوں، سیمینار سمیت مختلف پروگرامز بھی جاری ہیں۔ بعد ازاں صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے طلباء کو تعریفی اسناد تقسیم کیے۔ تقریب میں سیکریٹری صوبائی محتسب سندھ سید جنید احمد، رجسٹرار مسعود عشرت، ایڈوائزر ریحانہ جی علی میمن و دیگر بھی موجود تھے۔