کراچی: اے این ایف نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کراچی کے کورئیر آفس میں نیوزی لینڈ جانے والے پارسل سے کپڑوں میں چھپائی گئی 2.9 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ملزم اور ملزمہ کے پیٹ سے 200 گرام وزنی کوکین بھرے 10 کیپسول برآمد ہوئے۔ سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 60 کلو گرام افیون برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 10.8 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ جی ٹی روڈ پشاور پر موٹر سائیکل سوار ملزم سے 4.8 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔
سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد ہوئی اور دو ملزم گرفتار ہوئے۔ راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان اور ایک خاتون سے منشیات برآمد کی گئی۔ اسپینی روڈ کوئٹہ کے کورئیر آفس میں پارسل سے چھپائی گئی 900 گرام آئس بھی برآمد کرلی گئی۔