انٹیگریٹڈ سروس ڈلیوری پروگرام کے تحت گیارہ ہزار بچوں کو رجسٹرڈ کرلیا
گیا ہے، نجم احمد شاہ
یونیسف کے تعاون سے جاری محکمہ بلدیات سندھ کے انٹیگریٹڈ سروس ڈلیوری
پروگرام کےتحت رواں سال جنوری سے لیکر اب تک کم و بیش گیارہ ہزار بچوں کو رجسٹرڈ
کرلیا گیا ہے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے ہمارے
نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ بلدیات سندھ کے integrated service delivery (ISD) پروگرام کے تحت نومولود اور کم عمر بچوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ
خوش اسلوبی کے ساتھ جاری ہے اور کراچی کے اٹھارہ طبی مراکز پر باآسانی یہ سہولت مہیا
کی جاری ہے۔
نجم احمد شاہ نے پروگرام کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے آگاہ کیا کہ
فی الوقت کراچی کے چار اضلاع میں ISD پروگرام کے تحت اطفال کی پیدائش کے ریکارڈ کو نادرا کے ڈیٹا بیس میں محفوظ
کیا جارہا ہے اور سرٹیفیکٹ کے حصول تک تمام مراحل میں لوگوں کو معاونت فراہم کی
جارہی ہے۔ اس سارے پراسس میں پیدا ہونے والے بچے کے والدین طبی مراکز میں قائم
ISD ہیلپ ڈیسک پر موجود نمائندگان کو شناختی کارڈ کی کاپی
اور اسپتال کا سرٹیفکٹ فراہم کرتے ہیں اور فقط دوسو روپے فیس کی ادائیگی کے بعد
نومولود کے کوائف متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے نادرا کے ڈیٹا بیس تک پہنچا دئیے
جاتے ہیں جہاں سے ضروری کاروائی اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد نونہال کو پیدائشی
سرٹیفکٹ کا اجرا کردیا جاتا ہے جو کہ بچے کے والدین نادرا کے دفتر آئے بغیر اس ہی
ISD ہیلپ ڈیسک سے وصول کرسکتے ہیں جہاں انہوں نے کوائف
جمع کروائے تھے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے ISD پروگرام کی افادیت کے متعلق گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے عمل میں شفافیت اور ٹرانسپرنسی کو خصوصی طور پر مدنظر
رکھا جاتا ہے اور جعلی و بوگس پیدائشی سرٹیفکٹس کی روک تھام میں خاطر خواہ مدد
حاصل ہورہی ہے۔
انجنیئر سید نجم احمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ISD پروگرام کا
دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا اور نسل نو کے مستقبل اور تعلیمی
و پیشہ ورانہ زندگی کی مضبوط بنیاد میں محکمہ بلدیات سندھ فعال کردار ادا کرتا رہے
گا۔