کراچی میں کورونا کیسزکی شرح چھبیس فیصد سے زائد ہونے پر بڑا فیصلہ۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے شہر میں شام چھ بجے کے بعد مکمل پابندی لگائیں۔ کوئی غیرضروری گھر سے باہر نہ نکلے۔ صورتحال بہتر نہ ہونے پر مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ مزید سرکاری اسپتالوں میں کویڈ وارڈز بنانے کی ہدایت کردی
سندھ میں کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاو۔ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 26.32 فیصد تک پہنچ گئی۔شہر میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی لگائیں۔ کوئی غیرضروری گھر سے باہر نہ نکلے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کو ہدایت جاری کردی۔صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں وزیراعلی کا کہنا تھا انہیں پتا چلا ہے کہ ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں۔ ان کو فوری بند کریں۔ وہ جمعہ کو دوبارہ صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ تین صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ،،،جو تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کر کے انکو صورتحال سے آگاہ کرے گی۔ کمیٹی سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کورونا کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
سیکریٹری صحت نے بتایا کہ صوبے میں کویڈ تشخیصی تناسب 12.7 فیصد ہوگیا ۔26 جولائی کو کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح26.32 تھی ۔کراچی شرقی میں 33 فیصد، کورنگی 21 فیصد، سینٹرل 20 فیصد ،غربی 19 فیصد، ملیر 17 فیصد اور ضلع جنوبی میں 17 فیصد شرح سامنے آئی۔ جولائی مٰیں کورونا سے 362 اموات ہوئیں۔ان میں سے 233 مریض وینٹی لیٹر پر تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ لیبر کو 3 اسپتالوں اور پولیس اسپتال میں کوویڈ وارڈز بنانے کی ہدایت کردی۔سروسز اور کورنگی اسپتال میں ٹینٹ لگا کر کوویڈ مریضوں کیلئے انتظام کرنے کی ہدایت۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد اور نیو کراچی اسپتال بھی کوویڈ سہولیات کے لئے تیار ہیں۔