بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہرِ قائد کا آئندہ میئر جیالا ہوگا

عرفان علی عرفان علی

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہرِ قائد کا آئندہ میئر جیالا ہوگا

کراچی  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہرِ قائد کا آئندہ میئر جیالا ہوگا، دیگر جماعتیں صرف بڑے بڑے وعدے کرتی ہیں، پی پی پی جو وعدہ کرتی ہے وہ پورا کرتی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے دہشتگردی کو امپورٹ کیا، شکست خوردہ دہشتگردوں کو افغانستان کی  جیلوں سے نکال کر قبائلی علاقوں میں پہنچایا۔

 وزیراعلیٰ ہاوَس میں کراچی کے عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر کے ملک کو بچایا تھا، آئندہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کو بچائے گی۔

 

انہوں نے کہا  کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سب سے بڑی طاقت یکجہتی کی سیاست ہے، ہم نے اسی یکجہتی کے ساتھ پورے ملک، صوبے اور شہرِ کراچی کو چلانا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تقسیم، نفرت اور جھوٹ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ نفرت کی سیاست پر یقین رکھنے والے کہتے ہیں یہ شہرایک سوچ رکھنے والوں کا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کہتی ہے یہ شہر سب کا ہے۔

  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب بھی مقابلہ ہو گا، جیت سچ اور جمہوری قوتوں کی ہو گی، جبکہ کٹھ پتلیوں اور سلیکٹڈ کو شکست ہو گی۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران کی نفرت کی سیاست نے جمہوریت، معاشرے، معیشت کو نقصان پہنچایا، اگر ہم نے مشکل سے نکلنا ہے تو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا منشور ہمارے سامنے ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج پورا شہر نئے سال کا جشن منانے باہر نکلے گا۔

 ختم ہونے والے سال کے دوران جیالوں نے وہ کام کر کے دکھایا جس کا وعدہ کیا تھا۔

 جیالوں نے اسی شہر میں جمع ہوکر وعدہ کیا تھا کہ وہ لانگ مارچ کریں گے اور کٹھ پتلی کو بھگائیں گے۔