سندھ ایپکس کمیٹی کا دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ۔ دہشت گردوں کے سوشل اکاؤنٹس کی نگرانی جاری ۔ وزیراعلی نے غیرملکیوں کی سیکیورٹی کے لئے انکا مکمل ڈیٹا رکھنے اور عادی مجرموں کی ای ٹیگنگ کا قانون جلد منظور کرانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ایپکس کمیٹی اجلاس میں کہاکہ دہشت گردی برداشت نہیں کریں گے۔ہمیں سیکیورٹی انتظامات ، انٹیلی جنس سسٹم اور ٹارگیٹڈ آپریشن کو مزید بہتر کرنا ہوگا۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ آئل ٹرمنلز کی سیکیورٹی سے متعلق مشترکہ کمانڈ اسٹرکچر بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی کے جناح ٹرمینل پر چائنا ڈیسک بنایا گیا ہے،، جہاں گزشتہ سال آنے والے تمام چینی باشندوں کا اندراج کیا گیا۔ غیر ملکیوں کی آمداور روانگی کی نگرانی کے لئے نادرا ایک اپلیکیشن بھی بنارہا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ غیرملکیوں کی سیکیورٹی کے لئے ضروری ہے کہ یہ ڈیٹا رکھا جائے کہ وہ کب آیا ، کہاں کام کررہا ہے اور کب واپس جائے گا۔ آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سوشل اکاؤنٹس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ سی ٹی ڈی کو مزید بہتر کرنے کے لئے دو اعشاریہ آٹھ ارب روپے مہیا کئے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ہائی پروفائل کیسز کے چالان کے لئے پچیس پراسیکیوٹرز مقرر کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف آپریشن کرنے کی ہدایت کی۔ کہا کہ اس طرح اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔عادی مجرموں کی ای ٹیگنگ کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ عادی مجرموں کی نگرانی کا بل سندھ اسمبلی سے جلد پا س کرایا جائے۔اجلاس میں گاڑیوں کی چوری کی روک تھام اور کاغذات کے لئے مختلف شہروں میں اے وی ایل سی کے مزید پانچ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ ہوا۔وزیراعلی کا کہنا تھا پولیس میں کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ بنا رہے ہیں جبکہ ریپڈ رسپانس فورس کو وسیع اور مزید موثر بنایا جائےگا۔تفتیش کا کام مزید بہتر کرنے کے لئے ایک سو تینتیس کوسٹ سینٹر قائم کر رہے ہیں۔ آئی جی سندھ نے کہا سندھ فورنزک لیب کی تعمیر تیزی سےجاری ہے۔