کراچی میں پاپوشنگر قبرستان اور بنارس پل کے قریب سے انسانی اعضاء ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔پولیس کے مطابق انسانی اعضاء کسی مرد کے ہیں جنہیں سوٹ کیس میں بند کرکے پھینکا گیا،اعضا کو تحویل میں لے کر شناخت کی کوششیں شروع کردی گئیں۔
کراچی میں پاپوش نگر قبرستان میں مشکوک سوٹ کیس کی موجودگی کی اطلاع پر پہنچ کر پولیس نے اسے کھولا تو اندر سے شاپنگ بیگ میں لپٹی انسانی لاش برآمد ہوئی جس کے متعدد اعضا موجود نہیں تھے۔،پولیس کے مطابق سوٹ کیس کے اندر سے خاتون کی شال اور ایک چھری بھی برآمد ہوئی، اس ہی دوران کچھ ہی دور بنارس فلائی اوور کے قریب سے ایک انسانی بازو بھی ملا ،جسے تحویل میں لے لیا گیا ،پولیس کے مطابق ملنے والے انسانی اعضاء ایک ہی شخص کے ہیں یا نہیں،اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ مقتول کی لاش کو کسی تیز دھار آلے کی مدد سے کاٹ کر مختلف مقامات پر پھینکا گیا ہے۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے دیگر اعضاء کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ مختلف ذرائع سے لاش کی شناخت کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔