عمران خان کی گرفتاری پر کراچی میں جلاو گھیراو کے کیس میں ملوث سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ عمران اسماعیل کا کہنا ہے پارٹی چھوڑنے کے لئے ان پر دباو نہیں۔ آفتاب صدیقی اپنی مرضی کے مالک ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا ۔ پولیس کی جانب سے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست کو رد کرتے ہوئے،، ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان طلب کرلیا ۔ عمران اسماعیل کے خلاف کراچی میں جلاو گھیراو اور دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں عمران اسماعیل نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ۔ ان کا کہنا تھا پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ آفتاب صدیقی اپنی مرضی کے مالک ہیں۔