کراچی منگھوپیر میں منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز کا افتتاح ۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا اے این ایف کے تعاون سے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی نے کہا ہمیں اپنے بچوں کواس لعنت سے بچاناہے۔ کراچی کی بڑی جیلوں میں بھی کام کرنےکی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی نے کراچی منگھوپیر میں منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز کا افتتاح کیا۔چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، ڈی جی ،اے این ایف انیق الرحمٰن ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو ، فلم اور ٹی وی کی مشہور شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر نشے کے عادی افراد کی بحالی کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔وزیرعلی سندھ کا کہنا تھا لیاری اور ملیر کے بعد شہر میں یہ اینٹی نارکوٹک فورس کے تحت تیسرا بحالی مرکز ہے۔ اے این ایف اور سندھ حکومت کے درمیان تعاون سے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ تعلیم اور آگاہی مہم منشیات کے استعمال کو روکنے اور معاشرے پر اس کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہم سب منشیات کے خلاف باہمی یکجہتی کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔سندھ تکنیکی تعلیم و فنی تربیت اتھارٹی، اسٹیوٹا کی مدد سے لینگویج ٹریننگ کورسزکوبڑھائیں گے۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی نے کہا سندھ حکومت نے حیدرآباداور سکھرمیں بھی عمارتیں بناکردیں۔ کچھ علاقوں میں نشہ عام تھا۔ اب اسکولوں کے بچے بھی نشے کے عادی بن رہے ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کواس لعنت سے بچاناہے۔ کراچی کی بڑی جیلوں میں بھی کام کرنےکی ضرورت ہے۔نشے کے عادی افراد کو عربی اور چینی زبانوں کےکورسز کرائے جارہے ہیں۔ اے این ایف سندھ کے فورس کمانڈر وقار رضوی کا کہنا تھا ہم سب نے منشیات کے خلاف مل کر لڑناہے۔ سندھ میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کےلئے تین مرکز پہلے ہی کام کررہے ہیں۔ نو ہزار سے زائد متاثرہ افراد کو منشیات کی عادت نے نجات دلائی گئی۔ نشہ کی عادت سے چھٹکارے کے ساتھ متاثرہ افراد کو سلائی کڑھائی ، کمپیوٹرکورسزکے علاوہ دیگرہنربھی سکھائے جارہے ہیں۔