کراچی سیکرٹری سماجی بہبود، سندھ ڈاکٹر شیریں مصطفی ناریجو نے 13ویں سرتیوں سنگ کرافٹس نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) سرسو، محمد دتل کلہوڑو، دیہی هنرمند خواتین اور دیگر موجود تھے۔
تین روزہ نمائش کا اہتمام سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) نے حکومت سندھ اور اس کے شراکت داروں کے تعاون سے کیا ہے جس میں سندھ کی هنرمند خواتین کے ہاتھوں کے کام کی نمائش کی گئی ہے جس کا مقصد دیہی ہنر مند خواتین کو مارکیٹ تک رسائی اور رابطہ فراہم کرنا ہے۔
سیکرٹری سماجی بہبود سندہ نے سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کی غریب اور نادار کمیونٹی کے لیے کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی سندھ کی دیہی خواتین کے لیے ایسا جذبہ جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ہنر مند خواتین کے کام کو سراہا۔
نمائش کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مصطفی نے کہا کہ دستکاروں، دستکاری اور سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی سرگرمی کا اہتمام سرسو کی جانب سے کی جانے والی ایک بہترین کاوش ہے۔
سرسو کی طرف سے مسلسل گزشتہ بارہ سالوں سے کرافٹس کی نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد اخلاقی و ثقافتی فیشن کی حمایت کرنا اور صوبے کی سب سے پسماندہ خواتین کی دستکاری کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں کلفٹن، ڈفینس اور آس پاس کے علاقوں کی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جہاں سندھی ثقافت کے تمام اجزاء موجود ہیں۔ شاندار روایتی دستکاریوں کی نمائش میں دیہی خواتین کے تیار کردہ سندھ کے دستکاری کے وسیع مرکب کی نمائش کی گئی ہے، جس میں گھریلو ٹیکسٹائل، ٹوکری، زیورات، کپڑے، دوپٹے اور شالیں شامل ہیں، جو روایتی کڑھائی اور کٹ ورک سے مزین ہیں۔ ان تقریبات کا مقصد مقامی دستکاریوں کو فروغ دینا اور ہمارے بزنس ڈویلپمنٹ گروپس (BDGs) اور کاریگروں کو کراچی کی اعلیٰ مارکیٹ سے مربوط کرنے کے لیے ایک مضبوط عمل شروع کرنا ہے۔ یہ خالصتاً دیہی خواتین خصوصاً شمالی سندھ کے انتہائی دور دراز دیہات سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے مارکیٹ کے مواقع پیدا کرنے کی ایک کوشش ہے اور ان نمائشوں سے حاصل ہونے والا منافع ان کو منتقل کیا جاتا ہے۔