کراچی پورٹ ٹرسٹ نے کیماڑی کے مقام پر قائم پرانی جیٹی کو از سر نو تعمیر کے لیے بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
کیماڑی سے منوڑہ اور قریبی جزیروں تک عوام کو سفر کرنے کے لیے نئی جیٹی فراہم کی گئی ہے۔
لیکن ماہی گیر اب بھی پرانی جیٹی ہی استعمال میں لارہے ہیں۔
کے پی ٹی کی جانب سے کیماڑی پر نئی جیٹی کی تعمیر کے بعد پرانی جیٹی کو بند کرنے کے احکامات تو جاری ہوئے
مگر ماہی گیر اور لانچ کی سورای اٹھانے والے افراد پرانی جیٹی کو ہی استعمال کررہے ہیں۔
لانچ مالکان کا کہنا ہے کہ کے پی ٹی نے بینرز تو آویزاں کردئیے ہیں لیکن جیٹی اب بھی ان کے حوالے نہیں کی گئی۔
پرانی جیٹی پر کاروبار سے وابستہ افراد نے نئی جیٹی پر منتقلی کے دوران کاروبار کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق لانچ مالکان اور ماہی گیروں کو ان کی سہولت کے مطابق سب سے بہترین جیٹی فراہم کی گئی ہے۔
کے پی ٹی ترجمان کے مطابق پرانی جیٹی کو از سر نو تعمیر کے بعد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
کیماڑی جیٹی سے یومیہ تقریبا تیس سے زائد لانچز منوڑہ ، بابا بھٹ اور دیگر جزائر تک کا سفر کرتی ہیں۔