رواداری میں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کا احترام کرتے ہوئے انسانی حقوق اور آزادیوں کو تسلیم کرنا شامل ہے۔

صبانور صبانور

رواداری میں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کا احترام کرتے ہوئے انسانی حقوق اور آزادیوں کو تسلیم کرنا شامل ہے۔

کراچی  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے برداشت، رواداری کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رواداری میں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کا احترام کرتے ہوئے انسانی حقوق اور آزادیوں کو تسلیم کرنا شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ رواداری ہماری ثقافت میں گہرائی سے جڑی ہوئی ہے جس سے تمام مذاہب اور متنوع ذہنیت کے لوگوں کو سندھ کی سرزمین پر ہم آہنگی سے رہنے کی اجازت ملتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ رواداری اور احسان کی تلقین کی ہے، ہر مذہب اور نظریے کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ رواداری کا مطلب عدل و انصاف پر عمل کرنا ہے یہاں تک کہ مذہب، تہذیب، ثقافت، زبان یا نسل کے اختلافات ہی کیوں نہ ہوں۔  انہوں نے کہا کہ رواداری کے ذریعے ہی مختلف برادریوں میں بھائی چارہ قائم ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسکالرز اور ادیبوں پر بھی زور دیا کہ وہ معاشرے میں رواداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

سینئر سیاستدان الیاس بلور کی وفات پر اظہار تعزیت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر سیاستدان سینیٹر الیاس احمد بلور کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں نہ صرف بلور صاحب کو بطور سیاستدان یاد کیا بلکہ پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ان کے تعاون کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اے این پی رہنما کے ایثال ثواب کیلئے دعا کی اور انکے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شاہ مردان چیک پوسٹ قلات پر سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھے گا اس دکھ کی گھڑی میں میرا دل شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کے ساتھ ہے۔