کراچی میں محکمہ ریلوے کی بجلی منقطع ہونے سے ٹکٹوں کی بکنگ سمیت آن لائن سسٹم متاثر۔ آٹو سگنل نظام بھی بند ہونے کا خطرہ

عرفان علی عرفان علی

  کراچی میں  محکمہ ریلوے کی  بجلی  منقطع ہونے  سے ٹکٹوں کی بکنگ سمیت  آن لائن سسٹم  متاثر۔ آٹو  سگنل  نظام بھی بند ہونے کا خطرہ


 کراچی میں  محکمہ ریلوے کی  بجلی  منقطع ہونے  سے ٹکٹوں کی بکنگ سمیت  آن لائن سسٹم  متاثر۔ آٹو  سگنل  نظام بھی بند ہونے کا خطرہ ۔ کے الیکٹرک اور محکمہ ریلوے آمنے سامنے آگئے۔ دونوں جانب سے  پہلے اپنے  واجبات کی ادائیگی  پر  اصرار کیا جارہا ہے۔


 کراچی میں  کے الیکٹرک  نے  واجبات کی عدم ادائیگی پر بجلی کاٹی ،،تو  محکمہ ریلوے  نے بھی اپنا کھاتہ کھول لیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے  کے الیکٹرک پر ستر ارب کے واجبات ہیں۔ ان کی ادائیگی تک  کے الیکٹرک کے واجبات ادا  نہیں کریں گے۔ ڈی ایس ریلوے کراچی  ناصر خلیلی کا کہنا ہے   دس سال  کے عرصہ میں کے الیکٹرک  پر محکمہ ریلوے کے ستر  ارب کے واجبات ہیں۔ ریلوے کی زمین پر کے الیکٹرک کے متعدد گرڈ اسٹیشن ،سب اسٹیشن  اور انڈر گراؤنڈ کیبل گزر رہی ہیں۔کے الیکٹرک کی تنصیبات کا ماہانہ بل آٹھ  سے دس کروڑ روپے ہے۔گزشتہ ایک سال سے کے الیکٹرک نے ریلوے کے ایک ارب سے زائد کرنٹ واجبات بھی ادا نہیں کئے۔ ڈی ایس ریلوے کراچی  ناصر خلیلی کے مطابق بجلی بند ہونے سے ٹکٹوں کی بکنگ اور ان لائن نظام متاثر ہونا شروع ہوگیا ہے۔بجلی بند ہونے سے ریلوے کا آٹو  سگنل  سسٹم بھی بند ہو جائے گا ۔کراچی سے یومیہ اڑتیس  مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت ہوتی ہے ۔سگنل نظام بند ہونے سے کراچی سے جمعہ گوٹھ تک مسافر اور گڈز  ٹرینوں کا وقت پر  چلانے  میں دشواری ہوگی۔ ریلوے لینڈ ایکٹ  کی منظوری کے  بعد سوئی سدرن گیس ،کے پی ٹی ا ور سندھ حکومت سمیت دیگر اداروں سے کروڑوں روپے وصولی کرچکے ہیں۔