کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں شیر خوار بچے سمیت تین افراد کی جان چلی گئی۔ پولیس اہلکار سمیت چار افراد زخمی بھی ہوئے۔
امدادی کارکنوں کےمطابق سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا۔حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد جان سے گئے جبکہ تیسرا زخمی ہوا۔ کورنگی ناصر جمپ کے قریب تعمیراتی مقاصد کے لئے استعمال ہونے والے مکسر ٹرک نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری دی۔ حادثے میں شیر خوار بچہ جاں بحق ہوگیا۔مشتعل افراد نے ٹرک پر پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دئیے۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ ڈیفنس فیز ایٹ خیابان فیصل کے قریب دو کاروں میں تصادم سے دو افراد زخمی ہوئے۔ ایف بی ایریا بلاک انیس میں ٹریفک حادثے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس اہلکار ڈی ایس پی گلبرگ آفس میں تعینات ہے۔