کراچی میں جے ایس بینک کی
دو برانچز میں سونے اور رقم کا فراڈ کرکے بینک کو 75 کروڑ سے زائد کا چونا لگانے
والے ملزموں کے گرد گھیرا مزید تنگ ہونے لگا
ہے۔۔۔ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے
گرفتار ملزموں کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔۔۔جعلسازی کے مقدمات میں اب تک 10 ملزم گرفتار کئے جا چکے
ہیں۔
کراچی میں جے ایس بینک کو کروڑوں کاچونا لگانے والے ملزموں کے
گرد گھیرا مزید تنگ ہونے لگا ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے
گرفتار ملزموں کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے اسٹیٹ بینک
کو خط لکھا جائے گا۔ دوران تحقیقات ملزموں کی بینک ٹرانزیکشنز کی بھی تفصیلات
سامنے لائی جائیں گی۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزموں کے کہاں کہاں اور
کتنے بینک اکاونٹس ہیں؟ سراغ لگا نے کے ساتھ جن افراد کے شناختی کارڈز پر بینک سے
قرضہ لیا گیا، انہیں بھی تحقیقات کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پولیس کی
تحقیقاتی ٹیم گرفتار ملزموں کی پراپرٹی سمیت دیگر اثاثوں کی بھی جانچ پڑتال کرے گی۔
جے ایس بینک کی گلستان
جوہر اور گلشن اقبال برانچ میں فراڈ کا
معاملہ 2اگست کو آڈٹ کے دوران سامنے آیا تھا اور دوران تحقیقات بینک کے عملے کی
مبینہ ملی بھگت سے سونا دے کر قرض حاصل کرنے کی اسکیم کی آڑ میں بینک کو 75 کروڑ سے زائد نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا تھا۔ ایسٹ زون
انوسٹی گیشن پولیس نے دو مقدمات میں اب تک دس ملزموں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا
ہے جن کے قبضے سے 3 کلو 100گرام سونا،چار لگژری گاڑیاں اور 20 لاکھ سے زائدروپے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔