کراچی انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) کراچی نے اپنے مین کیمپس میں سالانہ کیریئر فیئر 2025 کا شاندار انعقاد کیا۔ یہ ایونٹ IBA کیریئر ڈویلپمنٹ سینٹر (IBA-CDC)کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔ اس سال کا تھیم "تھنک نیکسٹ" رکھا گیا، جو طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور جدید دور کے چیلنجز کے لیے ان کی تیاری کو اجاگر کرتا ہے۔
اس کیریئر فیئر میں 170 سے زائد قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی، جہاں مختلف صنعتوں کے ماہرین نے طلبہ کو ملازمتوں، انٹرن شپ اور کاروباری مواقع کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔ شریک کمپنیوں میں بینکنگ اور مالیاتی ادارے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، فوڈ اینڈ بیوریجز، ریٹیل، توانائی، سروس سیکٹر، ٹیکسٹائل، اور فارماسیوٹیکلزسمیت مختلف شعبے شامل تھے۔
تقریب کا افتتاح آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا "آئی بی اےکا سالانہ کیریئر فیئر طلبہ کو انڈسٹری کے ماہرین سے براہ راست ملنے، ملازمت کے مواقع دریافت کرنے اور عملی تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمارا مقصد ایسے گریجویٹس تیار کرنا ہے جو دورانِ تعلیم ہی نوکریاں حاصل کر سکیں یا اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔"
تقریب میں دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا، جن میں سید عاطف مرتضیٰ قیصر (ہیڈ، IBA-CDC)، فائزہ فیصل (لیڈ HR بزنس پارٹنر، نیشنل بینک آف پاکستان)،عدیل عاصم (ہیڈ HR، Tafsol Technologies) اور سید دانش علی (منیجر آرگنائزیشنل ڈیولپمنٹ، میزان بینک) شامل تھے۔
"طلبہ کے لیے خصوصی سرگرمیاں"
کیریئر فیئر 2025 میں طلبہ کے لیے مختلف انٹرایکٹو سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں "مینٹورشپ لاؤنج"خاص طور پر نمایاں رہا۔ جہاں طلبہ نے انڈسٹری کے تجربہ کار پروفیشنلز سے ملاقات کرکے کیریئر سے متعلق مشورے حاصل کیے۔ اس کے علاوہ، "پرسنالٹی سیلف ٹیسٹ" بھی کروایا گیا، جس نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں اور دلچسپیوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد فراہم کی۔
آئی بی اے کراچی کا یہ سالانہ کیرئیر فیئر نہ صرف طلبا کو ملازمتوں تک رسائی دیتا ہے، بلکہ انہیں مستقبل کی معاشی اور سماجی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کی کوششوں کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ صنعتی شراکت داروں نے آئی بی اے کے معیارِ تعلیم اور طلبا کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے مزید تعاون کے عزم کا ظاہر کیا۔