کراچی میں ٹریفک حادثات کی وجوہات کا سراغ لگانے اور روک تھام کے لئے ٹریفک پولیس نے نیا یونٹ قائم کردیا،کراچی پولیس چیف کہتے ہیں بہتری کے لئے دیگر اداروں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا، ریٹائرڈ آئی جی کی سربراہی میں ایڈوائزری پینل بنا یا جارہا ہے جس میں بڑے جامعات کے لوگ بھی شامل ہوں گے، مقصد مسائل کی جڑ تک پہنچنا اور خاتمہ کرنا ہے،
کراچی ٹریفک پولیس نے سڑکوں پر رونما ہوتے حادثات سے متعلق تحقیقات اور ان کی شرح میں کمی لانے کے لئے کراچی روڈ ایکسیڈنٹ اینا لائسزٹیم نامی یونٹ قائم کردیا ، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو ڈی آئی جی ٹریفک آفس پہنچے اور نئے یونٹ کے افسران سے ملاقات کی
تقریب سے خطاب میں پولیس چیف نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل بہت زیادہ ہیں، ٹریفک پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران ایک سال میں 5 لاکھ گاڑیاں ضبط کیں،کہا محض انفورسمنٹ سے مسائل حل نہیں ہوں گے، دیگر اداروں کو بھی کام کرنا ہوگا،ایڈوائزری پینل کے قیام کا مقصد دیرپا نتائج حاصل کرنا ہے
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ کراچی روڈ ایکسیڈنٹ اینا لائسز ٹیم 10 افراد پر مشتمل ہوگی ، دعویٰ کیا کہ جب یہ ٹیم کام کرے گی تو حادثات سے متعلق کوئی ابہام باقی نہیں رہے گا ،کہا ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ اس کے گھمانے سے چیزیں ٹھیک ہو جائیں
تقریب میں ٹریفک پولیس کریک ڈاؤن کے دوران برآمد کی گئی ہزاروں فینسی نمبر پلیٹس،ہوٹرز، پریشر ہارن ودیگر ممنوعہ اشیاء تلف بھی کی گئیں
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے گاڑیوں میں نصب جانے والی ممنوعہ اشیاء کی فروخت میں ملوث دکانداروں کے خلاف بھی جلد ایکشن کا آغاز ہوجائے گا ۔