بلوچستان ایک اور عظیم سپوت سے محروم ہو گیا۔ میجر محمد انور کاکڑ شہید آج بلوچستان میں فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ایک بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید میجر کا تعلق بلوچستان کے ضلع پشین سے تھا اور وہ اس وقت بلوچستان میں اہم عسکری اور اطلاعاتی محاذ پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، شہید میجر محمد انور کاکڑ نے ملک دشمن دہشتگردوں کے خلاف متعدد کامیاب آپریشنز سرانجام دیے اور بلوچستان میں جاری ابلاغی جنگ میں بھی ایک کلیدی کردار ادا کر رہے تھے۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبۂ حب الوطنی اور شجاعت کو اعلیٰ عسکری حلقوں میں نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
میجر انور کاکڑ شہید کے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور تین کمسن بیٹے شامل ہیں۔ انہوں نے دس سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔
پاکستان کا ازلی دشمن بھارت، جو میدان جنگ میں بارہا ذلت آمیز شکست کھا چکا ہے، اب بزدلانہ طریقوں سے پاکستان کے امن و استحکام کو تباہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارت فتنتہ الہندوستان جیسے دہشتگرد گروہوں کو فنڈنگ اور تربیت فراہم کر کے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں ملوث ہے۔
تاہم پاک فوج اور پاکستانی قوم دشمن کی ان چالوں سے بخوبی واقف ہیں، اور ہر محاذ پر بھارت کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستانی قوم اپنے عظیم سپوت میجر محمد انور کاکڑ شہید کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کی قربانی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری سرزمین کے محافظ ہر محاذ پر دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہیں۔