بلوچستان میں گرین اور پنک بس منصوبہ، کوئٹہ و تربت کے شہریوں کے لیے خوشخبری
بلوچستان حکومت نے عوام کو باوقار اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے 21 نئی بسیں خرید لی ہیں، جن کی انسپیکشن اور شپمنٹ مکمل ہو چکی ہے۔
بسوں کی تقسیم:
• 17 بسیں کوئٹہ کے لیے
• 4 بسیں تربت کے شہریوں کے لیے
• کوئٹہ میں خواتین کے لیے 5 پنک بسیں مخصوص
• 12گرین بسیں مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی
سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ کے مطابق منصوبے سے روزانہ 40 سے 50 ہزار مسافر مستفید ہوں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور باوقار سفر کی سہولت ملے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد بلوچستان کے شہریوں کو جدید اور معیاری ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے، تاکہ عوام کی زندگی میں آسانی اور سہولت لائی جا سکے۔ منصوبے کا آغاز جلد متوقع ہے۔