ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کی معیشت پر آؤٹ لک جاری
ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کی معیشت سے متعلق تازہ آؤٹ لک جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال معاشی بہتری کے اثرات سے ترقی میں اضافہ ہوا ہے، اور ملک درمیانی مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ مالی سال 2026 میں جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ADB کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان میں معاشی اصلاحات میں پیشرفت ہوئی ہے، جبکہ پالیسی ریفارمز اور استحکام سے معیشت میں بہتری جاری رہے گی۔ تاہم، کنٹری ڈائریکٹر نے خبردار کیا کہ ترقی کے امکانات مثبت ہیں مگر ڈھانچہ جاتی چیلنجز اب بھی برقرار ہیں۔
بینک نے قدرتی آفات اور سیلاب کو ترقی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر اور زرعی اراضی کو نقصان شرح نمو پر دباؤ ڈال سکتا ہے۔ تعمیراتی شعبے کے لیے بجٹ میں دی گئی مراعات جزوی طور پر نقصانات کم کریں گی۔
2026 میں اوسطاً مہنگائی 6 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سیلاب سے متاثرہ سپلائی چین، خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور گیس ٹیرف میں ممکنہ اضافہ بتایا گیا ہے۔ ADB نے کہا کہ مرکزی بینک مہنگائی پر قابو پانے کے لیے محتاط مانیٹری پالیسی اپنائے گا۔
بینک نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ-پاکستان تجارتی معاہدے سے کاروباری اعتماد بحال ہوگا، جبکہ بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔ اصلاحات اور پالیسی پر عملدرآمد سے معاشی رفتار اور اعتماد برقرار رکھا جا سکتا ہے۔