۔
- واقعہ میرپور ماتھیلو، ضلع گھوٹکی میں پیش آیا جب طفیل رند اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے۔
- جیروار روڈ پر ماسو واہ کے قریب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کے بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
- ابتدائی اطلاعات کے مطابق، مقتول کا اپنی برادری کے کچھ افراد سے پلاٹ کے تنازعے پر اختلاف چل رہا تھا، جس میں پہلے بھی دو افراد مارے جا چکے تھے۔
- واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور صحافتی برادری نے شدید احتجاج کیا۔
صحافی طفیل رند قتل کیس: دو مشتبہ افراد گرفتار، تحقیقات جاری
گھوٹکی: معروف صحافی طفیل رند کے قتل کے معاملے میں پولیس نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے مطابق جیسے ہی مقتول کے ورثا مقدمہ درج کروائیں گے، دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ طفیل رند کا اپنی برداری کے ساتھ تنازعہ چل رہا تھا، جس کے باعث معاملہ سنگین نوعیت اختیار کر گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک شخص کی جانب سے طفیل رند کو قتل کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا، جسے پولیس نے سنجیدگی سے لیا ہے۔
انور کھیتران کے مطابق، پولیس جدید ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر رہی ہے اور جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ صحافی کے قتل میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صحافی برادری اور سول سوسائٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔