کراچی: ڈپلیکیٹ سم کے ذریعے شہری کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے کا فراڈ
کراچی: جعل سازوں نے شہری سنی کمار کی ڈپلیکیٹ سم نکال کر اس کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے نکال لیے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے شکایت پر انکوائری شروع کی۔
شہری کے مطابق 29 ستمبر کو اس کا سم اچانک بند ہو گیا، اگلے روز موبائل کمپنی کے بزنس سینٹر سے معلوم ہوا کہ اس کی سم بغیر بائیومیٹرک تصدیق کے حیدرآباد سے دوبارہ جاری کی گئی تھی، جو اس کے بینک اکاؤنٹ سے منسلک تھی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ایک ہی رات میں 100 سے زائد ٹرانزیکشنز کے ذریعے رقم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔ بینک اور موبائل کمپنی سے ریکارڈ طلب کیا گیا، مگر مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
حکام کے مطابق سم سویپ کے ذریعے ڈیجیٹل بینکنگ سسٹم تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی، جب کہ بینک نے ریڈ فلیگ الرٹس کے باوجود ہائی ویلیو ٹرانزیکشنز کی اجازت دی۔ موبائل کمپنی اور بینک کی جانب سے تعاون میں تاخیر اور ریکارڈ کی عدم فراہمی پر مزید کارروائی جاری ہے۔