خیبرپختونخوا میں دو الگ آپریشنز، 20 دہشتگرد ہلاک — وانا کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام، وزیراعظم و گورنر کا ردِعمل
اسلام آباد/پشاور: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز میں 20 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد مارے گئے، جن کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا۔ درہ آدم خیل میں دوسرے آپریشن میں 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، اور عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم برقرار ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں۔
ادھر وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگردوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشتگردوں کو فنڈنگ کر رہا ہے اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مزید آپریشنز جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وانا کیڈٹ کالج پر حملے کی شدید مذمت کی اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے دو حملہ آور دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بزدل دشمن نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے گا۔ ملک کی حفاظت کے لیے فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔