وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے تھر کےکوئلے سے یوریا کھاد بنانے کا منصوبہ پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ دس ہزار سے زائد روزگار کے موقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے سی ای او جہانگیرپراچہ کی ملاقات میں منصوبہ پرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی نومبر دوہزار پچیس میں مکمل کر لی گئی ہے۔ منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب ڈالر سے زائد ہے۔منصوبہ کے تحت سالانہ سات لاکھ ٹن یوریا پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا منصوبہ سے یوریا کی درآمد میں کمی آئے گی اور ممکنہ طورپرچھبیس کروڑ ڈالر تک برآمدات سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا۔سندھ حکومت کو سالانہ تقریباً پچپن لاکھ ڈالر تک رائلٹی ملنے کا امکان ہے۔ اس موقع پر فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے کہا منصوبہ پر تیزی سے کام آگے بڑھانے کےلئے سندھ حکومت پانی کی فراہمی اور اسلام کوٹ میں ملازمین کی کالونی کے لیے زمین کی مختص کرے۔ منصوبے کی کامیابی کے لیے سندھ اور وفاقی حکومتوں کی جانب سے ٹیکسوں میں سہولیات بھی دینا ہوں گی۔