سندھ کے ضلع سجاول سے 2026 کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا ۔۔۔ پولیو کیس کی تصدیق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر فار پولیو ایریڈیکیشن نے کی
سندھ میں بیلو یونین کونسل،ضلع سجاول سے تعلق رکھنے والے چارسالہ بچے میں وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ 1994 کے بعد پولیو کیسز میں 99.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم سندھ اور جنوبی خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں اب بھی پولیو وائرس موجود ہے ۔ سال 2026 کی ملک گیر پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی۔ آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم اپریل میں شروع ہونے کا منصوبہ ہے جبکہ 2025 میں پانچ قومی پولیو مہمات چلائی گئی تھیں ۔ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔ تاہم ویکسین کی بدولت اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے جو کہ محفوظ اور موثر ہیں اور تمام مسلم ممالک سمیت 195 ممالک میں محفوظ طریقے سے استعمال ہو چکی ہیں۔