ترجمان حکومتِ سندھ و میئر سکھر، بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قوم آج ایک ایسے عظیم رہنما، مدبر سیاستدان اور عہد ساز شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے، جنہوں نے نہ صرف پاکستان کی سیاست کا رخ تبدیل کیا بلکہ عوام کو شعور، خودداری اور جمہوریت کی حقیقی طاقت سے روشناس کرایا۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ شہید بھٹو کسی ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر نظریہ، ایک انقلابی سوچ اور ایک تاریخی جدوجہد کی علامت ہیں۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ انہوں نے پسے ہوئے طبقات مزدور، کسان اور محروم عوام کو زبان دی، انہیں بااختیار بنایا اور یہ حقیقت دنیا پر آشکار کی کہ “طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں”۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ قائدِ عوام کی غیر معمولی بصیرت اور جراتمندانہ قیادت نے پاکستان کو ایک خودمختار، مضبوط اور باوقار ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کی۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ انہی کے تاریخی فیصلوں کے باعث پاکستان ایٹمی قوت کے سفر پر گامزن ہوا، جس نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور عالمی سطح پر اس کی حیثیت کو مستحکم کیا۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ 4 اپریل کی شب اگرچہ تاریخ کا ایک سیاہ باب تھی، مگر شہید بھٹو کے نظریات کی روشنی آج بھی پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہے اور ہر دور میں حق اور عوامی حاکمیت کی آواز کو تقویت دے رہی ہے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ عدالتِ عظمیٰ کا حالیہ فیصلہ بھی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ تاریخ بالآخر سچ کو تسلیم کرتی ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ شہید بھٹو نے نہ صرف محنت کش طبقے کو ان کا جائز حق دلایا بلکہ جاگیردارانہ سوچ کے خلاف ایک مضبوط نظریاتی محاذ قائم کیا، جس کے اثرات آج بھی ملکی سیاست میں نمایاں ہیں۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ نئی نسل کے لیے بھٹو کی سیاسی جدوجہد ایک مکمل درسگاہ اور عملی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سکھر سمیت سندھ بھر کے عوام آج اپنے محسن قائد کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کر رہے ہیں کہ ان کے نظریے اور مشن کو ہر سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ شہید بھٹو نے تیسری دنیا کے ممالک کو یکجا کر کے عالمی طاقتوں کے سامنے ایک مضبوط اور خوددار موقف اختیار کیا، جو آج بھی عالمی سیاست میں ایک روشن مثال کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے سنہری اصولوں“روٹی، کپڑا اور مکان" کی تکمیل کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنائے ہوئے ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ بھٹو خاندان کی لازوال قربانیاں پاکستان میں جمہوریت، آئینی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ شہید بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بھی آمریت کے سامنے جھکنے سے انکار کیا اور حق و سچ کی سربلندی کی ایک درخشاں مثال قائم کی۔
آخر میں بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نام تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ زندہ رہے گا—وہ ایک عہد تھے، ایک نظریہ تھے، اور آج بھی کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں ان کے مشن پر ثابت قدم رہنے کی توفیق دے۔