وزیراعلیٰ بلوچستان کا ترقیاتی منصوبوں میں معیار یقینی بنانے کا عزم

سدرہ عارف سدرہ عارف

 وزیراعلیٰ بلوچستان کا ترقیاتی منصوبوں میں معیار یقینی بنانے کا عزم


شمالی ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ضلعی افسران نے انہیں منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور بروقت تکمیل کے ساتھ معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص تعمیراتی کام کسی صورت قابل قبول نہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مشن ہر تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک ترقی کے ثمرات پہنچانا ہے۔ موجودہ دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کی دہلیز تک فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی کے بیانیے کو ترقیاتی اقدامات سے ختم کیا جا رہا ہے۔ سیکڑوں مستحق بچے معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ شمالی ڈیرہ بگٹی میں اسپورٹس گراؤنڈ کے قیام سے نوجوانوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔