کراچی ڈیفنس میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت۔پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔آئی جی سندھ نے ہائی پروفائل کیس کی گتھی سلجھانے کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ۔مقتولین اور ملزموں کے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئیں ۔
ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی تحقیقات میں تیزی،پولیس نے کراچی کے علاقے میٹروول اور سہراب گوٹھ میں چھاپے مار کر دو افراد کو حراست میں لے لیا ،تفتیشی ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد پر قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
تفتیش کار دعویٰ کرتے ہیں دوہرے قتل کی واردات کراچی سپر ہائی وے کے قریب واقع زمین کی ملکیت کے تنازع پر ہوئی ،تفتیش میں سامنے آیا کہ حملہ آور ایک موٹرسائیکل اور کار میں سوار تھے جبکہ دوسری موٹرسائیکل کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔
تفتیشی حکام نے مقتولین اور ملزموں کے گذشتہ روز کے روٹ پر نصب بیشتر سی سی ٹی وی کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں ، فوٹیجز میں مقتولین کی گاڑی کے پیچھے آنے والی موٹرسائیکل اور ایک مشتبہ کار کو دیکھا جاسکتا ہے ۔
آئی جی سندھ نے بھی ہائی پروفائل کیس کی جلد گتھی سلجھانے کے لئے کراچی اور جیکب آباد کے افسران کے علاوہ سی ٹی ڈی کے بھی ماہر افسران پر مشتمل8رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ۔
تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی عرفان بلوچ کو بنایا گیا ہے
،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوہرے قتل کا مقدمہ ورثاء کی جیکب آباد سے واپسی کے
بعد درج کیا جائے گا