کراچی میں رقم لے کر نکلنا ہوا دشوار!ایک گھنٹے میں پیسے جمع کرانے بینک جانے والے پیٹرول پمپ ملازمین سے دو وارداتیں۔
اورنگی ٹاون میں مسلح ڈاکووں نے تیس لاکھ روپے لوٹ لئے۔
سائٹ ایریا میں پیٹرول پمپ کے عملے سے مبینہ طور پر اسی لاکھ روپے لوٹ لئے گئے۔ پولیس نے واردات کو مشکوک قرار دے دیا۔
پولیس کےمطابق اورنگی ٹاؤن اسلام چوک پرواقع پیٹرول پمپ کاعملہ گاڑی میں رقم بینک میں جمع کرانے جارہا تھا۔
اسی دوران دو مسلح ملزمان پہنچے اور پیٹرول پمپ ملازمین سے تیس لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے عملے کے پاس رقم تھیلیوں میں موجود تھی۔ ملزم ایک تھیلی چھین کر فرار ہوئے۔
پولیس نے کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا۔ اطراف میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب سائٹ ایریا میں بھی پیٹرول پمپ کا کیش لے جانے والا عملہ لٹ گیا۔
ڈاکو مبینہ طور پر پمپ کے عملے سے اسی لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے پیٹرول پمپ عملے سے ہونے والی واردات مشکوک ہے۔
پیٹرول پمپ کا عملہ سیکیورٹی گارڈ کے بغیر پیسوں سے بھرا بیگ لے کر نکلا۔عملے کے مطابق بینک کے باہر دو ملزم آئے اوربیگ چھین کر فرار ہوگئے۔
بینک کے گارڈ نے فائر کرنے کی کوشش کی مگر اسلحہ نہیں چلا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق پمپ کے عملے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔