وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کراچی میں چنگچی رکشا چلانے والے کم عمر ڈرائیوز کے خلاف تیس اکتوبر تک تین سو چار چالان کئے،جس سے نو لاکھ، بارہ ہزار روپے وصول ہوئے۔
سندھ اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس پرجواب دیتےہوئے سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے چنگچی رکشے پر پابندی ہے، لیکن عدالتی حکم امتناع کی وجہ سے انہیں نہیں روک سکتے۔ مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشے نہیں چلانے دیتے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا تیس اکتوبر تک ڈرائیونگ لائنسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر اٹھارہ سو ،ساٹھ لوگوں کو چالان کر کے اس مد میں تینتیس لاکھ ، بیس ہزار روپے وصول کئے گئے۔ ساٹھ چنگچی رکشوں کو چالان کر کے ایک لاکھ بیس ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا شہر میں سڑکوں پر لوگ ڈبل پارکنگ کرتے ہیں۔ حکومت سختی کرتی ہے تو ایسو سی ایشنز عدالتوں میں چلی جاتی ہیں۔