وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کا کہنا ہے کراچی کے ساوتھ اور ریڈ زون میں سنگل لین پارکنگ یقینی بنائی جائے۔ اسلحہ کی نمائش پر سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ کام نہ کر نے والے ایس اوز اور ایس ایچ اوز کو گھر بھیج دیا جائے۔ آئی جی سندھ نے تجاوزات ختم اور سروس لین بحال کرنے کی ہدایت کردی۔
سینٹرل پولیس آفس میں وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں ٹریفک مسائل،حادثات، اسلحے کی نمائش اور ٹریفک مہم سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرداخلہ ضیاءالحسن لنجار نے کہا ایس اوز کی پوسٹنگ کا طریقہ کار کیا ہے۔ایس ایس پی کا ٹریفک اقدامات اور مہم میں کیا کردار ہے۔ایس ایس پیز ٹریفک اور سیکشن افسران سڑک پر کتنا وقت دیتے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے رنگین شیشے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک مہم کی تفصیلات بتائیں۔ وزیرداخلہ نے اسلحہ کی نمائش کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی۔ دریافت کیا تین ماہ میں کتنے ایس اوز تبدیل کئے۔واضح کردیا کہ وہ کراچی میں آنے والے میگا ایونٹ پر ٹریفک کے مسائل نہیں دیکھنا چاہتے۔ ہر ٹریفک سیکشن پر لیڈی اہلکار وافسران کو بھی تعینات کیا جائے۔ وزیرداخلہ ضیاءالحسن لنجار نے کہا ساؤتھ اور ریڈ زون میں سنگل لین پارکنگ ہونی چاہیئے،بصورت دیگر سیکشن افسر ٹریفک اور سینئر افسر ذمہ دار ہوگا۔ ہدایت کی کہ کام نہ کر نے والے ایس اوز و ایس ایچ اوز کو گھر بھیج دیا جائے۔ ۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تجاوزات ختم اور سروس لین بحال کرنے کی ہدایت کی ۔ کہا ٹریفک کی روانی میں تعطل ہر گز نہیں آنا چاہیے۔