کراچی پاکستان کے محمد آصف اور نسیم اختر نے تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل اورسیمی فائنل میچز آج کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا کے مطابق دوسرے روز لیگ میچوں کا اختتام ہو گیا جس کے بعد ایونٹ میں شریک پاکستان کے دونوں کیوسٹس عالمی چیمپئن محمد آصف اور نسیم اختر نے ناک آؤٹ راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔نسیم اختر نے اپنے دوسرے میچ میں سری لنکا کے محمد مشرف کو 4-1سے زیر کیا،انہوں نے 44-50، 62-22،71-59،62-42اور 71-08کے فریم اسکور سے فتح سمیٹی۔محمد آصف نے تیسرے میچ میں نیپال کے انکیت مان کو 4-1سے زیر کر کے مسلسل تیسرا میچ جیتا ان کی جیت کا فریم اسکور ان کے حق میں 84-09،25-63،77-13،84-30اور 60-10رہا۔پاکستان کے نسیم اختر نے اپنے تیسرے میچ میں بھارت کے پارس گپتاکو دل چسپ مقابلے کے بعد 4-2سے شکست دی،ان کی جیت کا فریم اسکور ان کے حق میں 78-20،15-75،90-06،65-42، 23-85اور55-52رہا۔دیگر میچوں میں نیپال کے انکیت مان نے سری لنکا کے موروگیسوپرتھاپ کو 4-2سے،بھارت کے کمل چاولہ نے بنگلہ دیش کے آصف عمران کو4-1سے،سری لنکا کے سوسانتھا بوتیجو نے سری لنکا کے محمد مشرف کو 4-0سے،بنگلہ دیش کے آصف عمران نے نیپا ل کے آیوش گوتم کو4-0سے،بنگلہ دیش کے احمد نظام الدین نے سری لنکا کے موروگیسوپرتھاپ کو 4-3سے،سری لنکا کے سوسانتھا بوتھیجو نے بھارت کے پارس گپتا کو 4-2سے اور بھارت کے کمل چاولہ نے نیپال کے آیوش گوتم کو4-0سے شکست دی۔