کراچی میں راشد منہاس روڈ اور کھوکھرا پار میں اندوہناک ٹریفک حادثات کے مقدمات درج۔ قتل باالسبب اور غفلت ولاپروائی سے گاڑی چلانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
کھوکھرا پار کے قریب ہونے والے ٹریفک حادثے کا مقدمہ تھانہ ملیر سٹی میں درج کیا گیا ہے۔ حادثے میں ماں اور کمسن بیٹا جاں بحق ہوئے تھے ۔مقدمہ متوفیہ کے سسر نے درج کرایا ہے۔ ماں اور کمسن بیٹے کو ٹائروں تلے روندنے والے بس ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہے۔ راشد منہاس روڈ پر رونما ہوئے حادثے کا مقدمہ تھانہ شارع فیصل میں مفرور ڈمپر ڈرائیور کے خلاف درج کرایا گیا ہے۔حادثے میں میاں بیوی اور حساس ادارے کا اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔ مقدمہ جاں بحق حساس ادارے کے اہلکار کے زخمی بیٹے نے درج کرایا ہے۔ پولیس حکام کےمطابق مقدمات میں قتل با لسبب اور غفلت ولاپروائی سے گاڑی چلانے کی دفعات شامل ہیں۔