سندھ پولیس میں مضرِ صحت گٹکا اور ماوہ استعمال کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ نے صوبے بھر سے گٹکا اور ماوہ کھانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی فہرستیں مرتب کرنے کا حکم دے دیا ہے۔۔۔جاری کردہ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ پولیس کی بڑی تعداد اس خطرناک لت میں مبتلا ہے، جو نہ صرف ان کی صحت کے لیے مضر ہے بلکہ محکمے کی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔۔۔آئی جی سندھ نے حکم دیا ہے کہ متعلقہ افسران ایسے اہلکاروں کو 10 دن کی مہلت دیں تاکہ وہ اس لت سے چھٹکارا حاصل کرسکیں اور ان کی بحالی کے لیے فوری اور مناسب اقدامات بھی کیے جائیں۔۔۔حکمنامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی اہلکار یا افسر گٹکا یا ماوہ کے استعمال سے باز نہ آیا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی،جبکہ مستقل طور پر لت میں مبتلا افراد کو ملازمت سے برطرف بھی کیا جا سکتا ہے۔تمام زونز اور یونٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی تفصیلی فہرست پندرہ روز کے اندر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ارسال کی جائے۔