ڈان نیوز کے رپورٹر خاور حسین کی سانگھڑ میں پراسرار ہلاکت، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سرگرم
ڈان نیوز کراچی کے رپورٹر خاور حسین کی سانگھڑ میں پراسرار ہلاکت کے معاملے پر پولیس کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے افسران سانگھڑ پہنچ گئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان اور ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد کا جائزہ لیا۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے خاور حسین کا پوسٹ مارٹم ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں دوبارہ کرانے کی سفارش کی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
واقعے کی حساس نوعیت کے پیش نظر تحقیقات کو شفاف اور جامع بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی افسران کی نگرانی جاری ہے۔ خاور حسین کی ہلاکت پر صحافتی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔