دنیا تیزی سے بدلتے ہوئے موسموں کے دباؤ کا سامنا کررہی ہے ۔بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تبدیلیاں، صنعتی آلودگی، شہری پھیلاؤ اور ساحلی ترقی کے منصوبے نہ صرف انسانوں بلکہ چرند پرند کی بقا کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔ پرندے، جو کبھی آزاد فضا اور قدرتی ماحول کے مالک سمجھے جاتے تھے، آج اپنے مسکن اور گھونسلوں کے فقدان کا شکار ہیں۔ خاص طور پر سمندری پرندے، جو برف پوش خطوں، کھلے پانیوں اور ساحلی علاقوں میں صدیوں سے رہائش پذیر ہیں، تیزی سے گھٹتے ہوئے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اس بحران نے دنیا کے مختلف خطوں میں ماہرین، مقامی کمیونٹیز اور ماحولیاتی تنظیموں کو متحرک کیا، اور اسی تناظر میں ’’پرندوں کے لیے ہوٹل‘‘ جیسے ماڈلز سامنے آئے جو انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی کی نئی مثال بن رہے ہیں۔
ماحول دوست ترقی کا نیا ماڈل
ناروے اس ماڈل کی سب سے نمایاں مثال ہے جہاں ’’سی گل ہوٹل‘‘ نے پرندوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کی اور دنیا بھر میں توجہ حاصل کی۔ یہ کہانی محض پرندوں کے گھونسلوں کی نہیں بلکہ ایک ایسے مستقبل کی ہے جہاں ترقی اور فطرت کو ساتھ لے کر چلنا ممکن ہو سکتا ہے۔
ناروے کا ’’سی گل ہوٹل‘‘: کٹی ویک پرندوں کی بقا کی کوشش
ناروے کے شمالی علاقے وارڈو کی ساحلی فضا ایک زمانے میں سمندری پرندوں کی پروازوں سے بھری رہتی تھی۔ یہاں "کٹی ویک" نامی پرندے بڑی تعداد میں گھونسلے بناتے اور افزائش نسل کرتے تھے۔ مگر 1990 کی دہائی کے بعد سے حالات بدلنے لگے۔ شدید موسمیاتی تبدیلیوں، ماہی گیری کے بڑھتے دباؤ اور برڈ فلو جیسی بیماریوں نے ان کی بقا کو خطرے میں ڈال دیا۔ صرف چند دہائیوں میں ان کی آبادی میں 80 فیصد تک کمی واقع ہو گئی، جو ماہرین کے لیے ایک بڑے الارم کی حیثیت رکھتی تھی۔
اسی پس منظر میں 2022 میں ناروے کے ایک مقامی ماہی گیر، یان ویدار ہانسن نے قدم آگے بڑھایا۔ انہوں نے لکڑی کے کریٹس سے ایک منفرد ڈھانچہ تیار کیا جو دیکھنے میں ایک ہوٹل معلوم ہوتا ہے لیکن دراصل پرندوں کے گھونسلے بنانے کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔ اس منصوبے کو ’’سی گل ہوٹل‘‘ کا نام دیا گیا۔ اس ڈھانچے نے پرندوں کو شکاریوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ بیماریوں کے پھیلاؤ کو بھی محدود کرنے میں کردار ادا کیا۔
شروع میں ماہرین اور مقامی لوگ شکوک و شبہات کا شکار تھے کہ آیا پرندے اس ’’مصنوعی ہوٹل‘‘ کو اپنائیں گے یا نہیں۔ مگر وقت نے اس شک کو غلط ثابت کیا۔ پہلے ہی سال پرندوں نے 55 گھونسلے بنائے، اگلے سال یہ تعداد بڑھ کر 74 ہو گئی اور رواں برس یعنی 2025 میں گھونسلوں کی تعداد 76 تک جا پہنچی۔ یہ بتاتا ہے کہ پرندوں نے اس ماڈل کو اعتماد کے ساتھ اپنا گھر مان لیا ہے اور یہ منصوبہ ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوا ہے۔
عالمی مثالیں
پانامہ کا Isla Palenque: فطرت دوست سیاحت کی مثال
دنیا کے دوسرے کونے میں، وسطی امریکہ کے ملک پانامہ میں بھی ایک منفرد ماڈل سامنے آیا۔ Isla Palenque نامی 400 ایکڑ پر پھیلا جزیرہ ماحولیاتی تحفظ اور فطرت دوست سیاحت کی شاندار مثال ہے۔ اس منصوبے میں صرف تین فیصد رقبے کو تعمیرات کے لیے استعمال کیا گیا، جبکہ باقی پورا جزیرہ جنگلات اور پرندوں کے قدرتی مسکن کے لیے محفوظ رکھا گیا۔ مقامی کمیونٹی کو اس عمل میں شامل کیا گیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف پرندوں کی بقا ممکن ہوئی بلکہ لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئے۔ یہ ماڈل ثابت کرتا ہے کہ اگر ترقی فطرت کے ساتھ توازن میں کی جائے تو ماحول اور انسان دونوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
سویڈن کا Treehotel: گھونسلہ نما کمروں کا ریزارٹ
شمالی یورپ میں سویڈن نے بھی فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کی ایک منفرد مثال قائم کی۔ شمالی جنگلات میں واقع ’’ٹری ہوٹل‘‘ دراصل ایک ایکو ریزارٹ ہے، جس کے کمرے درختوں پر گھونسلہ نما ڈیزائن میں بنائے گئے ہیں۔ یہ مقام دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ڈیزائن صرف سیاحتی دلچسپی کے لیے نہیں بلکہ ماحول دوست تعمیرات کی ایک علامت بھی ہے۔ یہ منصوبہ واضح کرتا ہے کہ تعمیرات اگر قدرتی ماحول سے ہم آہنگ ہوں تو وہ نقصان کے بجائے تحفظ کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔
سیشلز کا Bird Island: پرندوں کی محفوظ پناہ گاہ
بحرِ ہند میں واقع سیشلز کا ’’برڈ آئی لینڈ‘‘ منصوبہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ یہاں پرندوں کو بچانے کے لیے شکاری جانوروں کو جزیرے سے ہٹا دیا گیا، تاکہ پرندے بلا خوف و خطر گھونسلے بنا سکیں۔ اس منصوبے کے نتائج نہایت مثبت نکلے اور ہر سال ہزاروں پرندے افزائش نسل کے لیے دوبارہ اس جزیرے پر لوٹ آتے ہیں۔ یہ ماڈل خاص طور پر ساحلی علاقوں میں پرندوں کے مسکن بحال کرنے کا ایک کامیاب طریقہ ہے۔
دنیا کے دیگر اقدامات
ناروے کا سی گل ہوٹل اور ان جیسے منصوبے اب دنیا بھر کے لیے ایک رہنما مثال بن گئے ہیں۔ یورپ کے کئی ممالک، بالخصوص برطانیہ اور نیدرلینڈز، میں ساحلی ڈھانچوں اور عمارتوں میں پرندوں کے گھونسلے بنانے کے لیے خصوصی جگہیں مختص کی جا رہی ہیں۔ شمالی امریکا، خاص طور پر امریکا اور کینیڈا، میں بھی مصنوعی گھونسلے بنانے کے منصوبے تیزی سے فروغ پا رہے ہیں جنہوں نے پرندوں کی آبادی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ انسان اگر چاہے تو جدید ترقی کے باوجود پرندوں اور فطرت کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔
پاکستان میں امکانات اور ضرورت
پاکستان کا ساحلی خطہ 1,046 کلومیٹر طویل ہے۔جس میں سندھ اور بلوچستان کے علاقے شامل ہیں۔ یہ خطے مقامی پرندوں کے ساتھ ساتھ ہجرت کرنے والے پرندوں کے لیے بھی نہایت اہم ہیں۔ سردیوں میں یہاں "سی گل"، "ٹرن"، "فلیمنگو" اور دیگر نایاب پرندے بسیرا کرتے ہیں۔ لیکن حالیہ برسوں میں بڑھتی ہوئی آلودگی، غیر قانونی شکار اور ساحلی ترقیاتی منصوبوں نے ان کے قدرتی مسکن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ایسے میں ناروے کا ’’سی گل ہوٹل‘‘ پاکستان کے لیےمثال ہے ۔ اگر کراچی، کیٹی بندر اور پسنی جیسے ساحلی شہروں میں اس طرز کے مصنوعی مسکن تعمیر کیے جائیں تو یہ پرندوں کی بقا میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ منصوبے ماحول دوست سیاحت کو بھی فروغ دے سکتے ہیں اور ہمارے قدرتی ایکو سسٹم کو سہارا فراہم کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے شمالی علاقوں میں ’’ٹری ہوٹل‘‘ جیسے ماڈلز نہ صرف سیاحت کو نئی جہت دے سکتے ہیں بلکہ ماحول دوست تعمیرات کی شاندار مثال بھی بن سکتے ہیں۔
مستقبل کی سمت
ناروے کے سی گل ہوٹل سے لے کر پانامہ کے Isla Palenque، سویڈن کے ٹری ہوٹل اور سیشلز کے برڈ آئی لینڈ تک، سب ایک حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ انسان ترقی اور فطرت کے تحفظ کو ایک ساتھ لے کر چل سکتا ہے۔ یہ ماڈلز صرف منصوبے نہیں بلکہ مستقبل کے لیے راستے ہیں، جہاں ماحول اور ترقی دشمن نہیں بلکہ ساتھی بن سکتے ہیں۔
پاکستان جیسے ملک میں، جہاں پرندوں کی کئی اقسام ماحولیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہیں، یہ ماڈلز نہ صرف قابلِ عمل ہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت بھی ہیں۔ اگر حکومت، مقامی کمیونٹیز اور ماہرین ایک ساتھ ہو کر ایسے اقدامات شروع کریں تو پرندوں کی بقا ممکن ہو سکتی ہے، ماحول کو نئی زندگی مل سکتی ہے اور ملک ماحول دوست سیاحت کے ایک نئے باب میں داخل ہو سکتی ہے